نئی دہلی، 5جنوری (آئی این ایس انڈیا)برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنا دورہئ ہندوستان منسوخ کردیا ہے۔
ہندوستان نے انہیں 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے دعوت نامہ بھیجاتھا، جسے انہوں نے بھی اسے قبول بھی کرلیا تھا، اس کے بعد قیاس آرائیاں ہو نے لگیں کہ وہ ہندوستان آئیں گے یا نہیں، تاہم منگل کوتصدیق ہوگئی کہ ہے انہوں نے یومِ جمہوریہ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت سے منع کردیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جانسن اب ہندوستان نہیں آئیں گے۔ جانسن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کرکے دورہئ ہند سے معذرت پیش کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں جس طرح سے کرونا کی نئی قسم پھیل رہی ہے، اس کے مطابق میرے لئے ملک میں رہنا لازمی ہے، وہیں برطانیہ میں ویکسی نیشن شروع ہوچکی ہے، لیکن کورونا کی اس نئی قسم پر شکنجہ نہیں کسا جاسکا ہے، وہ بے قابو ہے۔
اس کے پیش نظر بورس جانسن حکومت نے مارچ تک برطانیہ میں سخت لاک ڈاؤن کے نفاذ کی ہدایت دی ہے، لاک ڈاؤن مستقبل 7 ہفتوں تک رہے گا۔ بتایا جارہا ہے کہ برطانوی حکومت کرونا سے ہلاک شدگان کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچنے سے روکنے کی کوشش میں ہے۔ اس وبا کی وجہ سے اب تک 75 ہزار سے زیادہ جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ اس کی امید نہیں کی جاسکتی ہے کہ پابندیوں کے تحت 22 فروری تک کوئی راحت ملے گی، حکومت نے فروری کے وسط تک اسکولوں کوبھی بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی غور طلب ہے کہ اب تک دنیا میں کرونا سے 8 کروڑ 61 لاکھ 2 ہزار 71 کیسز رپورٹ درج ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 18 لاکھ 60 ہزار 427 ہوچکی ہیں۔